جمعرات 12 نومبر 2026 - 12:21
دل کی اخلاقی بیماریوں سے نجات کے لیے اہل بیتؑ کے بتائے ہوئے پانچ طریقوں پر عمل ضروری: استاد انصاریان

حوزہ/ استاد حسین انصاریان نے کہا ہے کہ حسد، بخل، تکبر، حرص اور ریا جیسی اخلاقی بیماریوں سے نجات کے لیے قرآن مجید پر غور و فکر، روزہ داری، شب میں عبادت، سحر کے وقت بارگاہ الٰہی میں دعا و گریہ اور نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنا ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، استاد حسین انصاریان نے کہا ہے کہ حسد، بخل، تکبر، حرص اور ریا جیسی اخلاقی بیماریوں سے نجات کے لیے قرآن مجید پر غور و فکر، روزہ داری، شب میں عبادت، سحر کے وقت بارگاہ الٰہی میں دعا و گریہ اور نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے تہران کے حسینیہ قمر بنی ہاشمؑ میں ایام شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے سلسلے میں اپنے پہلے خطاب کے دوران کہا کہ قرآن مجید میں منافقین کی علامات اور ان کے انجام کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ منافق وہ لوگ تھے جو بظاہر اسلام کا اظہار کرتے تھے، لیکن ان کے دل ایمان سے خالی تھے۔ قرآن نے ان کے دلوں کی بیماری کو ان کے غلط اعمال اور رویوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

استاد انصاریان نے کہا کہ دل کی بیماریاں کسی خاص طبقے تک محدود نہیں ہیں، بلکہ عالم، امام جماعت، افسر، جج اور تاجر سمیت کوئی بھی شخص ان میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ حسد انسان کو دوسروں کی نعمتوں اور کامیابیوں سے ناخوش کرتا ہے، جبکہ بخل بھی انسان کی روحانی زندگی کو نقصان پہنچاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ انسان اپنی خامیوں کو پہچانے اور ان کی اصلاح کی کوشش کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے توبہ اور اصلاح کا راستہ ہمیشہ کھلا رکھا ہے اور انسان زندگی باقی رہنے تک اپنے اعمال کی اصلاح کرکے اللہ کی طرف لوٹ سکتا ہے۔

انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کی روایات کا حوالہ دیتے ہوئے دل کی بیماریوں کے علاج کے پانچ طریقے بیان کیے:

1۔ قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ اس کے معانی اور مفاہیم پر غور و فکر کرنا۔

2۔ روزہ رکھنا اور کھانے پینے میں اعتدال اختیار کرنا۔

3۔ راتوں کو عبادت اور نماز کے لیے بیدار رہنا۔

4۔ سحر کے وقت اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا، گریہ اور عاجزی کرنا۔

5۔ نیک اور صالح لوگوں کی صحبت اختیار کرنا۔

انہوں نے زور دیا کہ قرآن کی صرف تلاوت اور آیات کو یاد کرنا کافی نہیں، بلکہ اس کے پیغام اور معانی کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے قرآن کے ترجمے اور مختصر تفاسیر سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha